موسمیاتی تبدیلی کے اثرات: تدارک کے لئے صدیوں پرانی روایات کا استعمال

شاہ خالد شاہ جی (باجوڑ)

پاکستان کے عوام بھی ”ناغہ” کی روایت کو اپناتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنا سکتے ہیں

پاکستان کے ضلع باجوڑ کی مرکزی تحصیل خار کے دورافتادہ گاؤں بتائی علیزو کے 60 سالہ قبائلی رہنما ملک محمدآیاز علیزئی نے بتایا کہ چند سال پہلے تک ان کے علاقے میں گھنے جنگلات موجود تھے، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان جنگلات کی بے دریغ کٹائی نے علاقے کی رونق کو ماند کر دیا۔ اس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں اضافہ، پانی کی کمی اور چارگاہوں کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے گاؤں کے لوگوں نے اپنے جنگلات کے تحفظ کے لیے صدیوں پرانی ”ناغہ” کی روایت کو دوبارہ زندہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ناغہ کی روایت

ملک آیاز کے مطابق، 30 سال قبل گاؤں کے عمائدین نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا کہ جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی ہوگی۔ گاؤں میں کسی کو بھی کمیٹی کی اجازت کے بغیر درخت سے ایک بھی شاخ کاٹنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلہ کو قبائلی روایت میں ”ناغہ” کہا جاتا ہے، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قبائلی روایات کے مطابق سزا دی جاتی ہے۔ آج بھی علیزئی گاؤں میں یہ روایت بہت مضبوط ہے اور علاقے کے لوگ اس پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔

ناغہ کمیٹی کی ساخت

ملک آیاز نے بتایا کہ گاؤں کے مشران نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس کے ارکان کی تعداد 4 سے 6 تک ہوتی ہے، جس میں نوجوان بھی شامل ہیں۔ گاؤں کے مشران ہر تین سال بعد کمیٹی کے کام کا جائزہ لیتے ہیں اور اس کے ارکان میں تبدیلی کرتے ہیں۔ جب کسی شخص کو لکڑی کی ضرورت ہوتی ہے، تو وہ کمیٹی سے رابطہ کرتا ہے۔ کمیٹی اس کی درخواست کی چھان بین کے بعد فیصلہ کرتی ہے کہ اسے درختوں کی کٹائی کی اجازت دی جائے یا نہیں۔ حالیہ سالوں میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے جنگلات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے، اور اب ہر قسم کے درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی عائد ہے، سوائے مسجد یا مدرسے کی تعمیر کے لیے لکڑی کاٹنے کی اجازت ہے۔

ناغہ کی خلاف ورزی پر سزا

ملک آیاز نے کہا کہ ”ناغہ” کی خلاف ورزی کرنے والوں سے جرمانہ وصول کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی درخت کی ایک شاخ بھی کاٹتا ہے تو گاؤں کی کمیٹی اسے 15,000 سے 30,000 روپے تک جرمانہ کرتی ہے۔ یہ رقم کمیٹی کے پاس جمع ہوتی ہے اور پھر اس سے گاؤں کے لیے اجتماعی کام کیے جاتے ہیں۔ جرمانے کی سخت وصولی کے باعث اب کوئی بھی ”ناغہ” کی خلاف ورزی کرنے کی جرات نہیں کرتا۔

جنگلات کی حفاظت پر فخر

علیزئی بتائی کے رہائشی حاجی سید باچا نے کہا کہ اب وہ اپنے پہاڑ سے لکڑیاں نہیں کاٹ سکتے اور انہیں لکڑی خریدنی پڑتی ہے، کیونکہ ”ناغہ” کی وجہ سے کمیٹی نے لکڑی کاٹنے پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے۔ تاہم، انہیں اس بات پر فخر ہے کہ ان کے گاؤں میں ”ناغہ” کی روایت پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ ”ناغہ” نہ صرف جنگلات کی حفاظت کرتا ہے بلکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ بھی کرتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی لانے میں کردار

ملک آیاز موسمیاتی تبدیلیوں سے مکمل طور پر آگاہ نہیں ہیں، مگر انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں سے بارشوں کا تناسب کم ہوا ہے اور بارشیں بے وقت ہونے لگی ہیں، جس کی وجہ سے کبھی خشک سالی اور کبھی زیادہ سیلاب آتے ہیں۔ تاہم، ان کے گاؤں میں قدرتی چشمے اب بھی موجود ہیں اور زمین کا کٹاؤ تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔

ناغہ کے کمزور ہونے سے ماحولیاتی اثرات

ضلع باجوڑ کی ایک اور تحصیل ماموند کے گاؤں کیٹکوٹ کے رہائشی عبدالحلیم نے کہا کہ ان کے گاؤں کے پہاڑ پر کبھی گھنا جنگل تھا، لیکن اب جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی وجہ سے پہاڑ بنجر ہوگئے ہیں، جس سے گاؤں کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے آبا نے جنگلات کی حفاظت کے لیے ”ناغہ” کی روایت اپنائی تھی، جس سے ہمیں جنگلات کی نعمتیں وراثت میں ملی تھیں، مگر نئی نسل نے اس کی حفاظت نہیں کی۔ اگر ہم اب بھی ”ناغہ” کی روایت کو دوبارہ اپنائیں اور اس پر سختی سے عمل کریں تو جنگلات کی بے جا کٹائی رک جائے گی۔

ناغہ کے اثرات کے خاتمے کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا

آزاد بخت، ایک ماہر تعلیم اور قبائلی روایات کے محقق نے کہا کہ جب ”ناغہ” کی روایت کمزور ہوئی تو آہستہ آہستہ جنگل ختم ہوگیا اور اب ہمارا گاؤں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا شکار ہوچکا ہے۔ ایک طرف مویشیوں کے لیے چارہ کم ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ان کی تعداد میں کمی آئی ہے، اور دوسری طرف درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جو ایک تشویش ناک مسئلہ ہے۔

باجوڑ میں جنگلات کا رقبہ

باجوڑ کا کل رقبہ 1,290 مربع کلومیٹر ہے، جس میں باجوڑ کے محکمہ جنگلات نے 470,000 ایکڑ پر جنگلات لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ 40,000 ایکڑ پر پہاڑ اور قدرتی جنگلات ہیں، جو ہر سال بڑھ رہے ہیں۔ باجوڑ کی بلند ترین پہاڑوں جیسے کیمور، برنگ، ارنگ، علیزو بتائی، سالارزو باٹوار اور ماموند کے بالائی علاقے قدرتی جنگلات سے بھرے ہوئے ہیں۔ باجوڑ میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے محکمہ جنگلات ہر سال موسم بہار اور مون سون میں شجرکاری مہم چلاتا ہے، جس میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے ساتھ عام لوگ بھی شریک ہوتے ہیں۔

حکومت کی کوششیں اور عوامی تعاون

ملک آیاز نے کہا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ کے لیے کوششیں کر رہی ہے، لیکن اس کے لیے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ حکومت عوام کی مدد کے بغیر جنگلات کا تحفظ نہیں کر سکتی۔ اس لیے نہ صرف باجوڑ بلکہ پورے پاکستان کے عوام کو ”ناغہ” کی روایت کو اپنانا چاہیے تاکہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ جیسے ہمارے گاؤں کے لوگوں نے اپنے پہاڑ کو سرسبز بنایا ہے، ویسا ہی دوسرے علاقے بھی جنگلات کی دولت سے مالا مال کر سکتے ہیں اور اپنے علاقے کو خوبصورت بنا سکتے ہیں۔

admin

Recent Posts

گلگت بلتستان میں دو ہفتوں کے دوران مارخور کے غیر قانونی شکار کا دوسرا واقعہ

گلگت بلتستان میں مارخور کا غیر قانونی شکار دو ہفتوں میں دوسرا واقعہ، جنگلی حیات…

15 hours ago

شہر اور کوپ30: آب و ہوا کی جنگ کا نیا دور

دنیا موسمیاتی بحران کا مقابلہ نہیں کر سکتی جب تک شہر، میئرز اور مقامی اداروں…

15 hours ago

کسانوں اور ماہی گیروں کا 99 ارب ڈالرز کا نقصان

قدرتی آفات کے باعث کسانوں اور ماہی گیروں کا 99 ارب ڈالرز کا سالانہ نقصان…

2 days ago

دنیا کی بڑھتی شہری توسیع اور کراچی

عالمی شہری توسیع تیزی سے بڑھ رہی ہے اور کراچی موسمیاتی خطرات، آبادی دباؤ، شہری…

3 days ago

ہنزہ ہینگنگ گلیشیر خطرے کی زد میں

ہنزہ کا ہینگنگ گلیشیر موسمیاتی تبدیلی، آلودگی اور برفانی تودوں کے بڑھتے واقعات سے خطرے…

4 days ago

کراچی کی تاریخی عمارتوں کا تحفظ

کراچی کی تاریخی عمارتوں کا تحفظ، زبوں حال قدیم عمارتیں اور ثقافتی ورثے کو بچانے…

5 days ago

This website uses cookies.