اسلام آباد (فرحین، نمائندہ خصوصی)
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی رات اور جمعہ کے روز جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش، اور چند مقامات پر موسلادھار بارش یا ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 8 مئی کی شام سے 12 مئی تک جاری رہنے والے اس سلسلے کے دوران بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز جیسا کمزور انفراسٹرکچر متاثر ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور ممکنہ ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، پشاور سمیت دیگر اضلاع میں بھی اسی نوعیت کا موسم متوقع ہے۔
پنجاب کے کئی شہروں جیسے مری، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بالائی اور جنوب مشرقی علاقوں میں دوپہر کے بعد بارش متوقع ہے جبکہ بلوچستان کے وسطی اور شمال مشرقی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسم کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں سب سے زیادہ بارش مری (42 ملی میٹر) میں ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔