خبریں

پرندوں کے لیے دوستانہ شہر کی تشکیل ہم سب کی ذمہ داری ہے: وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی

  • اسلام آباد (11 مئی 2025) – نمائندہ خصوصی فرحین- ورلڈ مائیگریٹری برڈ ڈے 2025 کے موقع پر وزارت ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی نے کہا ہے کہ ہجرت کرنے والے پرندوں کے تحفظ کے لیے تمام شہریوں، اداروں اور حکومتوں کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنے ہوں گے۔ وزارت کے ترجمان محمد سلیم شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان میں پرندوں کی دو تہائی اقسام مہاجر ہیں، جو اس ملک کو عالمی ہجرتی راستوں پر منفرد مقام عطا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہجرت کرنے والے پرندے نہ صرف ماحولیاتی نظام کی صحت کے اشاریے ہوتے ہیں بلکہ زرعی شعبے میں کیڑوں کے کنٹرول، پولینیشن اور بیجوں کی ترسیل جیسے اہم عمل میں بھی مدد دیتے ہیں۔ اس سال کا عالمی موضوع “مشترکہ جگہیں: پرندوں کے لیے دوستانہ شہر اور کمیونٹیز بنانا” ہے، جو شہری منصوبہ بندی میں پائیداری، قدرتی آبی ذخائر، مقامی درختوں کی شجرکاری، اور غیر قانونی شکار کی روک تھام جیسے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ تیز رفتار شہری پھیلاؤ، بلند و شیشے والی عمارتیں، روشنی کی آلودگی، اور قدرتی رہائش گاہوں کی تباہی مہاجر پرندوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ یہ مسائل ان کے لیے ہجرت کا راستہ کھو دینا یا ٹکرانے جیسے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ ماحولیاتی تبدیلی وفاقی و صوبائی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر سائنسی بنیادوں پر پالیسی سازی، عوامی آگاہی، اور پائیدار ترقی کے ذریعے مہاجر پرندوں کی بقاء کو یقینی بنانے میں سرگرم عمل ہے۔

محمد سلیم شیخ نے کہا کہ پرندوں کی حفاظت صرف حیاتیاتی تنوع کا معاملہ نہیں بلکہ یہ عالمی ذمہ داری بھی ہے۔ “ہجرت کرنے والے پرندوں کا تحفظ ہمارے ماحولیاتی نظام، پائیدار مستقبل، اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ناگزیر ہے۔”

Leave a Comment