اسلام آباد (فرحین، نمائندہ خصوصی)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
منگل کے روز بھی ایسی ہی موسمی صورتحال برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں موسم بدستور گرم اور خشک رہے گا۔
اسلام آباد اور پنجاب: اسلام آباد میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم شام یا رات کے وقت مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، ناروال اور گردونواح میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا: صوبے کے بیشتر علاقوں میں گرمی کا راج رہے گا، البتہ چترال، سوات، دیر، شانگلہ، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ و بلوچستان: دونوں صوبوں کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ بلوچستان کے بعض علاقوں جیسے خضدار، قلات اور لسبیلہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کشمیر و گلگت بلتستان: دونوں خطوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی رپورٹ کے مطابق پنجاب، کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پر بارش اور آندھی ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش مری میں 42 ملی میٹر ہوئی۔
زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ خیرپور، موہنجو داڑو اور لاڑکانہ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
بعض شہروں کا کم سے کم/زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت (ڈگری سینٹی گریڈ)
اسلام آباد: 17 / 35
لاہور: 21 / 37
کراچی: 28 / 34
پشاور: 19 / 34
کوئٹہ: 14 / 34
گلگت: 13 / 29
مظفرآباد: 16 / 32
اسکردو: 10 / 20
مری: 08 / 23
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی تغیرات کے پیشِ نظر احتیاط برتنے اور موسمی ایڈوائزریز پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔