خبریں

اسلام آباد: پانی کی قلت پر ٹاسک فورس کا اجلاس


اسلام آباد ( 15-مئی 2025 خصوصی نمائندہ-فرحین)
ربی اور خریف کی فصلوں پر پانی کی قلت کے اثرات سے متعلق ٹاسک فورس کا اہم اجلاس وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو کی مشترکہ صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی آبی قلت سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا جن میں بارانی پانی کو محفوظ بنانا، پانی کے ضیاع میں کمی، خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کے لیے پائلٹ منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ترقیاتی شراکت داروں و عطیہ دہندگان کی شمولیت جیسے اقدامات شامل تھے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے پانی کی دستیابی، داخلی و خارجی ذرائع سے پانی کے بہاؤ اور اس کی سطح سے متعلق تفصیلی معلومات طلب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس کا مقصد نہ صرف موجودہ پانی کے بحران کا حل تلاش کرنا ہے بلکہ مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خطرے، خاص طور پر دشمن ملک کی جانب سے پانی کی فراہمی میں رکاوٹ کی کوشش کے تناظر میں مؤثر حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔

اجلاس میں دونوں وزراء نے پانی کی طلب و رسد، کمی کی وجوہات اور گذشتہ برسوں میں پانی کی دستیابی میں ہونے والی تبدیلیوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے اختتام پر ٹاسک فورس کو ہدایت دی گئی کہ وہ گزشتہ چالیس برسوں کے پانی سے متعلق اعداد و شمار مرتب کر کے اس کا تجزیہ پیش کرے تاکہ مسئلے کی جڑ کو سمجھ کر جامع اور مؤثر پالیسی سازی ممکن بنائی جا سکے۔

Leave a Comment