اسلام آباد ( 23-مئی2025- فرحین، نمائندہ خصوصی) – محکمہ موسمیات پاکستان نے موسم کی تازہ ترین پیشگوئی جاری کر دی ہے جس کے مطابق آج رات اور ہفتہ کے روز ملک کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں، آندھی، گرج چمک، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہے گا اور 70 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ بارش، تیز ہوائیں اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، سوات، مانسہرہ، پشاور، کوہاٹ اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں گرد آلود آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے کئی شہروں جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، مظفر گڑھ اور بہاولپور شامل ہیں، وہاں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور آندھی، بارش و ژالہ باری کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا۔ دادو، جیکب آباد اور سکھر جیسے علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں دوپہر کے بعد تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے کچھ علاقوں جیسے ژوب، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ میں گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیاں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم گرم اور خشک رہا، جبکہ سبی میں درجہ حرارت 51 ڈگری، دادو میں 50 ڈگری اور جیکب آباد، موہن جودڑو، شہید بینظیر آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور کھلے مقامات سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔